سویڈن واقعہ پوری دنیا کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے،ذکر اللہ مجاہد

  سویڈن واقعہ پوری دنیا کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے یورپی ملک سویڈن میں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کو کھلی دہشتگردی اور دنیا کا امن خراب کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی اور فرانسیسی میگزین میں توہین آمیز خاکے چھاپنے کے اعلان سے پوری مسلم امہ کے اندر غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اگر ایسے واقعات کی مستقل روک تھام کیلئے مسلم امہ کے حکمرانوں اور او آئی سی نے اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا تو دنیا کا امن خراب ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔

     اسلام اور دوسرے کسی مذاہب میں مقدس کتابوں اور پاک ہستوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پاکستانی حکمرانوں سویڈن اور فرانسیسی حکومت سے دوٹوک الفاظ میں اپنا دلیرانہ موقف پیش کرتے ہوئے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کریں اور ان کی سزا تک عالمی دنیا کو باور کروائیں کے اسلام کے خلاف ہونے والی ہر سازش عالمی جنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ استعماری قوتیں اظہار آزادی رائے کے نام پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کررہی ہیں جو کھلی دہشتگردی ہے۔ نسل پرستی اور فرقہ واریت کی آگ اگر لگی تو اس کی لپیٹ میں پوری دنیا آئے گی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے پوری دنیا کے مسلم حکمران متحد ہو کر اس مذموم حرکت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں۔