پی پی پی کے صوبائی صدر کی تنظیموں کو سیلاب زدگان کی بھر پور مالی مدد کی ہدایت 

  پی پی پی کے صوبائی صدر کی تنظیموں کو سیلاب زدگان کی بھر پور مالی مدد کی ...

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان نے صوبے میں پارٹی کی تمام تنظیموں کو سیلاب زدگان کی بھر پور مدد کرنے کی ہدایت کردی، انکا کہنا ہے کہ قدرتی آفات پر سیاست کی نہیں بڑھ چڑھ کر کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں بھی سیلاب زدگان کی ہر قسم کی مدد کی اور یہ مدد اس وقت بھی سیاسی وابستگیوں کی سوچ سے بالہ تر ہوکر بلا امتیاز کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں پارٹی کی تمام تنظیموں کے کارکنوں کو ہدایات دے دیں ہیں کہ تمام ایسے علاقے جہاں لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ان تک رسائی ہر حال میں ممکن بنائی جائے اور ان کی ہر ممکن امداد کی جائے۔ ہمایون خان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات میں بھی جو لوگ سیاست کرتے ہیں وہ ملک وقوم کے مخلص نہیں ہوسکتے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ہر صوبے ہر ضلع کا شہری ایک جیسی حیثیت رکھتا ہے اور ہر ایک کی تکلیف و مشکلات کو ہم اپنی تکلیف و مشکل سمجھتے ہوئے اسکے حل کے لیے کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست سیاست کھیلنے کا نہیں پاکستان تحریک انصاف اس کھیل سے باز رہتے ہوئے سیلاب زدگان کی فوری مدد یقینی بنائے اور اس وقت کو سیاست میں پوائنٹ سکورنگ پر ضائع نہ کرے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -