فیصل کریم کنڈی کی رفاعہ عامہ کی عمارت کمرشل مقاصد کیلئے لیز پر دینے کی مذمت 

فیصل کریم کنڈی کی رفاعہ عامہ کی عمارت کمرشل مقاصد کیلئے لیز پر دینے کی مذمت 

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے رحیم بازار میں محکمہ اوقاف کی رفاہ عامہ کی عمارت کو کمرشل مقاصد کیلئے لیز پر دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس فیصلہ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکزی انجمن تاجران کے سرپرست اعلی سہیل احمد اعظمی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے سنجیدہ حلقے اس بات پر سخت تشویش میں مبتلا ہیں کہ ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے وسط میں واقع رحیم بازار میں محکمہ متروکہ وقف املاک (اوقاف) کی ملکیتی سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام تاریخی عمارت جو کہ خواتین کیلئے دستکاری سنٹر، بیڈمنٹن کورٹ، ٹیبل ٹینس ہال اور وسیع لائبریری کی عمارت پر مشتمل تھی۔ کروڑوں روپے مالیت کہ یہ سرکاری وقف اراضی کی کمرشل مقاصد کیلئے نیلامی کی گئی ہے جو افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تفریحی سہولیات کا فقدان ہے ماضی میں یہ عمارت جس مقصد کے لیئے قائم کی گئی تھی معمولی سی توجہ اور تزئین و آرائش کے بعد یہی مقام خواتین اور بچیوں کے مفاد میں استعمال کے قابل بنائی جاسکتی تھی مگر مبینہ طور پر اسے اونے پونے داموں من پسند افراد کو نوازنے کے لیے استعمال کرنا افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس حوالے سے عوام اور تاجروں کی تشویش میں انکا مکمل ساتھ دے گی اور شہر کے مفاد کے ہرایکشن میں ہم پیش پیش ہونگے کسی کو شہریوں کے مفاد کے مقامات اپنے کمرشل مقاصد کے حصول کے لیئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ غیرقانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کرائی جائیں اسمیں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور مذکورہ بالا الاٹمنٹ کوفورا منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور متروکہ وقف املاک کے حکام سے اس ضمن میں ایکشن لینے کا مطالبہ کیا

مزید :

پشاورصفحہ آخر -