ڈیرہ میں قیدیوں سے ملاقات کیلئے ایس او پیز جاری
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)صوبائی حکومت کی ہدایت پر انسپکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات خیبر پختونخوا نے کرونا وائرس وبا کے تدارک پیش نظر صوبے بھر کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کے حوالے سے جامع پالیسی کے تحت جیلوں کے قیدیوں اور جیل سٹاف کو کرونا جیسی مہلک وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے ایس اوپیز جاری کردیئے ہیں۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ کے سپرنٹنڈنٹ بنیا مین خان میانخیل نے میڈیا کو ایس او پیز کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے آگاہ کیا کہ جیل میں قید افراد سے ان کے اہلخانہ پیرسے جمعرات تک صبح9بجے سے دوپہر ایک بجے تک 20منٹ کیلئے ملاقات کرسکتے ہیں، قیدیوں سے ملاقات کے حوالے سے باقاعدہ رجسٹریشن صبح8بجے شروع ہوگی، ملاقاتیوں کو بذریعہ فون ملاقات بارے آگاہ کیا جائے گا اور مقررہ وقت کے بعد ملاقات منسوخ تصور ہوگی۔ تمام ملاقاتیوں کو ماسک کی پابندی لازمی ہوگی اور جیل گیٹ پر صابن سے ہاتھ دھونا ہونگے جبکہ جیل کے گیٹ پر خصوصی سینیٹائزر گیٹ بھی لگا دیئے گئے ہیں۔ ملاقاتیوں سے صرف قیدیوں اور حوالاتیوں کیلئے لائے گئے کپڑے اور نقدرقم وصول کی جائے گی اور ایک قیدی کو مہینے میں دوبار ملاقات کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق ملاقات کیلئے آنے والے افراد جیل ملازمین اور میڈیکل سٹاف سے تعاون کریں تاکہ مہلک بیماری سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھ سکیں۔