کھیل کی ترقی وبہتری کیلئے: ہاکی سسٹم تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا: پی ایچ ایف
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی ایچ ایف کے سیکرٹری جنرل آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے سسٹم کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس میں کھیل میں نمایاں بہتری آئے گی پی ایچ ایف کی کوشش ہے کہ ہاکی کا کھیل ملک میں ترقی کرے۔آصف باجوہ نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کی بہتری کے لئے سسٹم میں تبدیلیاں ناگزیر ہیں یہ اب وقت کی ضرورت ہے اسی لئے ہم نے سسٹم کو اب تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہاکی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے جو بہت خوش آئند بات ہے وزیر اعظم ملک میں قومی کھیل کی ترقی و فروغ کے لئے دلچسپی لے رہے ہیں۔سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے ہمیشہ پاکستان ہاکی کو بھرپور سپورٹ کیا ہے اور حال ہی میں ان کی طرف سے کھیل کی ترقی کے لئے کی جانے والی کاوش قابل تعریف ہے جس سے کھیل پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے آصف باجوہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی جلد ہاکی کے لئے بڑا اعلان کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں تمام ہاکی باڈیز اپنے اپنے ملک میں اربوں روپے خرچ کرتی ہیں۔ ہاکی میں دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو ہائی پرفارمنس پر خرچ کرنا ہوگا۔ تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر آنا پاکستان ہاکی کے لئے خوش آئند ہے سسٹم کی تبدیلی کے بعد امید ہے کہ پاکستان میں ہاکی کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا اور یہ تیزی سے ترقی کرے گا پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دے رہی ہے۔