تاریخ کے کم ترین ٹیرف پر 100میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کا معاہدہ 

  تاریخ کے کم ترین ٹیرف پر 100میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کا معاہدہ 

  

  لاہور(جنرل رپورٹر)بزدار حکومت نے ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کر لیا-ضلع لیہ کے علاقے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کا سولر پراجیکٹ لگایا جائے گاجس سے ملکی تاریخ کے سب سے کم ترین ٹیرف3.7سینٹ پر بجلی حاصل کی جائے گی- اس منصوبے پر 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی-وزیر اعلی آفس میں محکمہ توانائی پنجاب کے پنجاب پاورڈویلپمنٹ بورڈ، متبادل توانائی ترقی بورڈ اور زینفا(Zhenfa) پاکستان نیوانرجی کمپنی کے مابین معاہدہ پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی -وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان مہمان خصوصی تھے- پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر، متبادل توانائی ترقی بورڈ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر اور زینفاپاکستان نیو انرجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے لیٹر آف سپورٹ پر دستخط کئے - تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انرجی سے نہ صرف عام شہری مستفید ہوتے ہیں بلکہ صنعتوں کا پہیہ بھی چلتا ہے-پنجاب میں آبادی اورترقی پذیر معیشت کی وجہ سے توانائی کی ضروریات باقی صوبوں کی نسبت زیادہ ہے -حکومت پنجاب آئین پاکستان کے تحت توانائی کی تمام تر ضروریات اپنے وسائل سے حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے- بجلی کی ملکی پیداوار کا تقریباً70فیصد پنجاب میں استعمال ہوتا ہے-بجلی سے حاصل ہونے والی ملک کی بھر کی کل آمدنی کا 82فیصد ریونیو پنجاب ادا کرتا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ماضی کے برعکس ہماری حکومت سستی بجلی کے دیر پا ذرائع کے حصول کی طرف گامزن ہے- سابق حکومت نے انرجی کے مہنگے منصوبے لگائے جس سے عوام پر بوجھ پڑا -انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سکولوں،کالجوں اوریونیورسٹیوں،بنیادی مراکز صحت سمیت دیگر سرکاری عمارتوں کو مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیاجائے گا۔پنجاب کے 950بنیادی مراکز صحت کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔Punjab Energy Efficiency and Conservation Agency محکمہ انرجی کے زیر اہتمام لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اوردیگر سرکاری اداروں کی سولر آئزیشن کیلئے ٹیکنیکل ایڈوائس فراہم کررہاہے۔پنجاب میں توانائی کی بچت کیلئے Energy Conservation Building Codes مرتب کیے جاچکے ہیں وزیر اعلی نے بتایا کہ حکومت پنجاب اس منصوبے میں صرف 3.7سینٹ کے نرخ پر بجلی خرید ے گی اوراس منصوبے سے نیشنل گرڈ کو 17 کروڑ30لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی جائے گی- یہ بجلی تقریباً 70ہزار گھروں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے کافی ہوگی- صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخی معاہدے پر دستخط کئے ہیں -سابق دور میں دنیا کے مہنگے ترین سولر منصوبے پاکستان میں لگائے گئے اور سرکاری خزانے کو بے دردی سے ضائع کیا گیا-8 ہزار سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کر چکے ہیں - 15 ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کرنے کا ہدف پورا کریں گے- ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی ارم بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہر موقع پر بھرپور تعاون فراہم کیا -یہ پاکستان کی تاریخ کا سستی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اہم منصوبہ ہے - 100 میگا واٹ سولر منصوبے کا ٹیرف 3.7 سینٹ رکھا گیا ہے - صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، اراکین اسمبلی غزین عباسی، سعدیہ سہیل، وزیر اعلی کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، زینفا پاکستان کے عہدیداران،چینی کمپنی کے ماہرین اور دیگر اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے-وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی جس میں صوبے کی عمومی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبو ں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- گورنر چودھری محمد سرورنے پنجاب حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کو مبارکباددی اور وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو سراہا-مالی دشواریوں کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر گورنر چودھری محمد سرور نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کراچی کا دورہ کرکے شہریوں سے اظہار یکجہتی پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرورکی کاوشوں کی تعریف کی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اورہم مشکل کی گھڑی میں کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں -عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں رکن قومی اسمبلی رخسانہ نوید نے ملاقات کی -رخسانہ نوید نے پنجاب حکومت کے کامیابی سے عوامی خدمت کے2  برس مکمل ہونے پر وزیراعلی عثمان بزدار کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے انتہائی دل جمعی اور بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اورپنجاب سے ون مین شو کے منفی کلچر کے خاتمے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔آپ کے دروازے سب کے لئے اوپن ہیں اورآپ نے تمام فیصلے اجتماعی طور پر عوام کے مفاد میں کئے۔

ملاقات

مزید :

صفحہ اول -