گستا خانہ خاکوں کی مذمت، اقوام متحدہ اس مسئلہ کا تدراک کرے: شاہ محمود قریشی 

گستا خانہ خاکوں کی مذمت، اقوام متحدہ اس مسئلہ کا تدراک کرے: شاہ محمود قریشی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی،این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی میگزین کی جانب سے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کی مذمت کر دی۔ انہوں نے کہا اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کا رجحان دنیا میں بڑھتا چلا جا رہا ہے، اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ اس مسئلے کا تدارک ہونا چاہیے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، لوگ مشتعل ہیں، اس بلا جواز حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشاندہی کی، وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں اس معاملے کی نشاندہی کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پا کستان نیپال کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نیپال کی سفیر مس سیوا لمسال ادھیکاری نے جمعرات کے روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی، ملاقات کے دوران  دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاکستان اور نیپال کے مابین دوطرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، اسلام آباد (این این آئی)افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ حنیف اتمر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے 31 اگست کو کابل میں ہونیوالے پاک افغان کثیرالجہتی(APAPPS)مذاکرات کے دوسرے دور کے کامیاب انعقاد پر افغان وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاک افغان کثیرالجہتی مذاکرات میں طے کیے گئے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے افغان ہم منصب کو افغان طالبان نمائندہ وفد کے ساتھ وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونیوالی حالیہ ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان شروع سے اس موقف پر قائم ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا دیرپا حل فریقین کے مابین جامع مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے،افغان امن عمل کو یقینی بنانے کیلئے، بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت سے متعلقہ منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے پر عزم ہیں۔وہ جمعرات کو چینی سفیر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے چینی سفارت خانہ میں متعین ایگریکلچر کمشنر گو وین لینگ کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،ملاقات میں فارمز ایسوسی ایشن کے صدر آفاق ٹوانہ اور چیرمین سید یاور علی بھی وزیر خارجہ کی خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں ٹڈی دل حملے کے بعد چین کی جانب سے  زرعی ادویات، مشینری اور ڈرونز کی بروقت فراہمی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دوران ملاقات زرعی شعبے سے متعلقہ تحقیق، لائیو اسٹاک، ہارٹی کلچر، ماہی گیری سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلہ  خیال ہوا۔اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان میں عنقریب دو "فٹ اینڈ ماتھ ڈیزیز سینٹر" قائم کرے گا - چینی سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں عنقریب ایگریکلچر سے متعلق دس ٹیکنالوجی سینٹرز قائم کرے گا اور اپنے ماہرین کی ایک ٹیم بھی پاکستان جلد روانہ کریگا۔
شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -