تمام نجی اور سرکاری یونیورسٹیز کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا جائیگا: چودھری سرور
لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب کی تمام نجی اور سرکاری یونیورسٹیز کو آئندہ کچھ عرصے میں سولر انرجی پر منتقل کردیا جائے گا جس سے بجلی کے بل کی مد میں سالانہ اربوں روپے کی بچت ہوگی گورنر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزارت توانائی اور پبلک یونیورسٹیز کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی ارم بخاری سمیت پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے واس چانسلرز اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے غیر مقبول اور مشکل فیصلے کیے اور اس کے اثرات آنے والے سالوں میں نظر آئیں گے اْنہوں نے کہا کہ حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بیس ارب ڈالر سے کم کر کے تین ارب ڈالر تک لے آئی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں اور اس کواستعمال میں لے کر آئیں۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد صرف اور صرف ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی ہے جس کے لئے ہر ممکن اقدات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ بلاشبہ ملک اب حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ سالانہ سولہ ارب ڈالر سرمایہ مہنگا ایندھن خریدنے کے لئے باہر جاتا ہے اور اس وقت ستر فیصد بجلی اس ایندھن سے پیدا کی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2030ء تک مقامی ذرائع سے پیدا کی جانے والی بجلی کا تناسب ستر فیصد تک کردیا جائے گا جس سے صنعتوں کو سستی بجلی ملے گی اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ تقریب سے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اخترملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے قابل تجدید توانائی منصوبوں پر پابندی عائد کردی تھی جس کا مقصد اپنے ذاتی مفادات اور مہنگی ایل این جی فروخت کرنا تھا۔ اس موقع پر وزارت توانائی کے حکام اور پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے یونیورسٹیز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے ایم او یو پر دستخط کیے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کو صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک نے شیلڈ اور صوبائی وزارت توانائی کی دو سالہ کارکردگی کی روپورٹ پیش کی۔
چودھری سرور