کراچی کو ٹاؤنز اور ایک ڈسٹرکٹ میں تبدیل کیا جائے،مصطفی کمال
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہاہے کہ صرف تجاوزات ہٹانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، شہر کو 18 ٹاؤن اور ایک ڈسٹرکٹ میں تبدیل کیا جائے، کراچی ہر جگہ موضوع بنا ہوا ہے، آرمی چیف کے بعد وزیراعظم بھی کراچی آنے والے ہیں جبکہ روشنیوں کے شہر کو مالی یا امدادی پیکیج کی بجائے اس کا حق دیا جائے،کراچی کو پیکیج دینا ایسے ہے جیسے مزدور کو تنخواہ کے بجائے بریانی کا پیکٹ دیا جائے،امید کرتا ہوں وزیراعظم عمران خان دورہ کراچی میں صرف پیکیج کا اعلان کرکے نہیں جائیں گے،کراچی کے بحران کا مستقل حل نکالنا چاہیے،نالوں کو اصل حالت میں بحال کردیا جائے تو نکاسی کا 80 فیصد مسئلہ حل ہوجائے گا۔جمعرات کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ وزیراعظم جمعہ کو کراچی آرہے ہیں،آرمی چیف اور گورنر پنجاب سمیت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی بھی کراچی کے دورے پرآئے، امید کرتا ہوں کہ وزیراعظم صرف پیکیج کا اعلان کرکے نہیں جائیں گے، پیکیج سے کراچی کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا جاسکتا، سب کے مل بیٹھنے سے امید ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل نکلے گا۔مصطفی کمال نے مطالبہ کیا کہ سیلابی صورتحال میں امدادی پیکیج 18 ویں ترمیم کے تحت نچلی سطح تک دیا جائے اور کراچی کو 18 ٹاؤن اور ایک ڈسٹرکٹ میں تبدیل کیا جائے،کراچی کو اس کے حقوق دیئے جائیں، بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات اور فنڈز دیئے جائیں، این ایف سی کے سارے پیسے وزیراعلی لے کر بیٹھ جاتے ہیں، فنڈز نچلی سطح تک نہیں پہنچائے جاتے۔مصطفی کمال نے تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گجر نالے اور دوسرے نالوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے تو ڈرینج کے 80فیصد مسائل حل ہوجائیں گے،نالوں پر تجاوزات 50 سال سے ہیں،گجرنالہ، اورنگی نالہ اور محمود آباد نالے کی اصل حالت میں بحالی سے نکاسی کا بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا۔نالے کے دونوں اطراف سروس روڈ بنائے جائے تو اس پے کوئی قبضہ نہیں کریگا۔سابق ناظم کراچی نے کہاکہ صرف انکروچمنٹ ہٹانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،سندھ حکومت نالوں پر رہنے والوں کو سروے کرکے پلاٹ فراہم کرے اور ایک لاکھ روپے کا چیک دے۔اس سے قبل مقامی احتساب عدالت میں کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی،جہاں پی ایس پی چیئرمین مصطفی کمال اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے مصطفی کمال اور دیگر ملزمان پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی عدالت نے جیل حکام کو آئندہ سماعت پر ملزم لالہ فضل الرحمان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔