مائنز اینڈ منرلزایکٹ 2019کے تناظر میں محکمہ میں مثبت اصلاحات کا عمل جاری ہے
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے جمعرات کو گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے گورنر ہاؤس پشاور میں خصوصی ملاقات کیا۔ ملاقات میں معاون خصوصی نے گورنر خیبرپختونخوا کو محکمہ معدنیات کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے گورنر شاہ فرمان کو محکمہ معدنیات کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں معدنی ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے ٹھوس حکمت عملی تیار ہو چکی ہے جبکہ سابقہ فاٹا کے متعلقہ ملازمین کو احسن طریقے سے محکمہ معدنیات میں ضم کیا گیا ہے۔ کان کنی سے متعلقہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2019 کے تناظر میں محکمہ میں مثبت اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ جس سے محکمے کی مجموعی کارکردگی بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق محکمہ معدنیات میں ڈیجیٹلائزیشن اور ای گورننس کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر گورنر شاہ فرمان کو بریف کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا کہ محکمہ معدنیات کی ویب سائٹ کو مکمل طور فعال بنانے کے بعد اب سرمایہ کار اور عام عوام کہیں سے بھی خدمات تک رسائی اور فراہمی کے حوالے سے سروسز حاصل کر سکتے ہیں، جو پہلے ناممکن عمل تھا۔ معدنی ذخائر کے متعلق ڈیٹا کو سائنسی بنیادوں پر محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں محکمہ معدنیات بہترین کردار ادا کر رہا ہے جو نہ صرف غربت مکاو پروگرام میں مددگار ثابت ہو رہا ہے بلکہ صوبے کی مجموعی آمدن میں بھی اضافے کا سبب بن رہا ہے۔