پشاور کے تمام ہسپتالوں کے اچانک دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا: تیمور سلیم جھگڑا 

پشاور کے تمام ہسپتالوں کے اچانک دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا: تیمور ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے جمعرات کے روز بنیادی مرکز صحت لالہ کلے ترناب فارم کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے عملے کی حاضری، مریضوں کا ریکارڈ اور ادویات کا اسٹاک چیک کیا۔ وزیر صحت نے بی ایچ یو کی عمارت کی خستہ حالی اور صفائی کی صورت حال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ تیمور جھگڑا نے اس موقع ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت خان کو عمارت میں ضروری مرمتی کام کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر یہ کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ یہاں آ کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وزیر صحت و خزانہ نے بی ایچ یو میں تعینات عملے سے بھی بات چیت کی اور ان سے مسائل کے حوالے سے دریافت کیا۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا بی ایچ یو میں موجود مریضوں سے بھی ملے اور ان سے بی ایچ یو میں علاج معالجے کی سہولیات کے حوالے دریافت کیا۔ وزیر صحت و خزانہ نے کہا کہ وہ پشاور کے تمام ہسپتالوں کے اچانک دورہ کر کے صحت سہولیات کا جائزہ لیں گے۔ صوبائی وزیر کے بنیادی مرکز صحت لالہ کلے کے دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور ڈاکٹر عظمت بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزید :

صفحہ اول -