27 سالہ ماں نے اپنے 5 بچوں کو زہر دے دیا، انتہائی افسوسناک خبر آگئی
برلن(مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی میں 27سالہ ماں نے اپنے پانچ بچوں کو زہردے کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور خود بھی ٹرین کے آگے کود کر خود کشی کی کوشش کی تاہم معجزانہ طور پر وہ محفوظ رہی۔ میل آن لائن کے مطابق اس لڑکی کا نام کرسٹین بتایا گیا ہے۔ اس نے اپنے 1سے 8سال کی عمر کے پانچ بچوں(تین بیٹیوں اور دو بیٹوں) کو زہر کی گولیاں کھلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ چھٹے بیٹے کو اپنے ساتھ لے کر ٹرین پر سوار ہو گئی۔ اس کا یہ 11سالہ بیٹا بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔
وہ بیٹے کے ساتھ اپنی ماں کے گھر کی طرف جا رہی تھی۔ اس کی والدہ اس کے گھر سے 20میل دور ڈوسیلڈورف میں رہتی تھی۔ ڈوسیلڈورف ریلوے سٹیشن پر لڑکی خود اتر گئی جبکہ اپنے بیٹے کو اگلے سٹیشن پر اتر کر نانی کے گھر چلے جانے کو کہہ دیا۔ بیٹے کو روانہ کرنے کے بعد لڑکی سٹیشن پر آنے والی ٹرین کے آگے کود گئی۔ اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس کے 11سالہ بیٹے گھر نانی کو جا کر صورتحال سے آگاہ کیا اور اس کی نانی نے پولیس کو رپورٹ کر دی۔ جب پولیس کرسٹین کے فلیٹ پر پہنچی تو پانچوں بچوں کی لاشیں برآمد ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق کرسٹین تاحال اس حالت میں نہیں ہے کہ اس سے پوچھ گچھ کی جا سکے۔ چنانچہ فی الحال کچھ معلوم نہیں کہ اس نے یہ اندوہناک حرکت کیوں کی۔