مردوں سے زیادہ مسلز والی باڈی بلڈر خاتون، دیکھ کر مرد کیا کہتے ہیں؟ افسوسناک انکشاف کردیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی معروف خاتون باڈی بلڈر کو کچھ مرد حقارت کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور اس پر فقرے کستے تھے۔ اب اس خاتون باڈی بلڈر نے بھی ان مردوں کو ترکی بہ ترکی جواب دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 37سالہ وینڈی فورٹینو کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوشن سائیڈ سے ہے، جس کی باڈی دیکھ کر بڑے بڑے مرد باڈی بلڈرز کو پسینہ آجاتا ہے۔ وینڈی فورٹینو کا کہنا ہے کہ کچھ مرد میرے مسلز کی وجہ سے میرا مذاق اڑاتے اور مجھے حقارت کی نظر سے دیکھتے تھے۔ وہ طنز کرتے ہوئے کہتے تھے کہ میرے مسلز کی وجہ سے مردمجھے بالکل پسند نہیں کرتے ہوں گے۔ میرے متعلق یہ رائے رکھنے والے مردوں کو میں کہنا چاہتی ہوں کہ تم لوگ مجھ سے حسد کرتے ہو۔ اس کے سوا کچھ نہیں۔
وینڈی کا کہنا تھا کہ ”جم میں میرے ساتھ جو مرد کسرت کرتے ہیں، ان میں کم ہی لوگوں کے پٹھے میرے جتنے جاندار ہیں چنانچہ وہ مجھ سے حسد کرتے ہیں۔ مجھے میرے جسم سے محبت ہے اور میرا شوہر بھی میری مسل دار باڈی کو بہت پسند کرتا ہے۔ مجھے کوئی پروا نہیں کہ یہ حاسدین میرے متعلق کیا سوچتے ہیں۔ مجھے شروع سے ہی ایسے مردوں سے پالا پڑ رہا ہے اور میں اس کی عادی ہوں۔ میں 10سال کی تھی جب سکول کے لڑکے مجھے پنجہ آزمانی اور دوڑ لگانے کا چیلنج دیتے تھے اور میں ہمیشہ ان سے جیت جاتی تھی۔ وہ بھی میرے متعلق ایسی ہی باتیں کیا کرتے تھے۔ “واضح رہے کہ 37سالہ وینڈی نے 2008ءمیں باڈی بلڈنگ شروع کی تھی اور اب تک کئی اعزازات جیت چکی ہے۔ اس نے امریکہ میں بیٹھکیں لگانے کا’نیشنل ریکارڈ‘ بھی قائم کر رکھا ہے۔ اس نے صرف 3گھنٹے میں 3ہزار 150بیٹھکیں لگائی تھیں۔