بیروت دھماکے کے ایک ماہ بعد ملبے سے دھڑکن کی آواز، ایسی خبر آگئی کہ آپ بھی خدا کی قدرت پر دنگ رہ جائیں
بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہوئے خوفناک دھماکے کو 1ماہ گزر چکا ہے اور ریسکیوورکرز گرنے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز جدید آلات کے ذریعے ریسکیوورکرز ایک عمارت کے ملبے کے نیچے کسی شخص کے زندہ ہونے کا پتا چلا رہے تھے کہ اس دوران آلات نے ملبے کے نیچے کسی شخص کے دل کی دھڑکن کا اشارہ دے دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ریسکیوورکرز اس جگہ سے عمارت کا ملبہ ہٹانے اور اس ممکنہ زندہ شخص کو نکالنے کی تگ و دو کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر آلات نے درست نشاندہی کی ہے اور اس ملبے سے دھماکے کے ایک ماہ بعد کوئی زندہ شخص نکل آتا ہے تو یقینا یہ ایک معجزہ ہوگا۔ ریسکیو ٹیم کے ایک رکن نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ”سکیننگ مشین بہت حتمی نتائج دیتی ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ ملبے کے نیچے کوئی زندہ شخص موجود ہے، کیونکہ مشین نے اس کے دل کی دھڑکن اور سانسوں کی آواز ڈی ٹیکٹ کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایک رہائشی عمارت ہے، جس کے ملبے سے کئی لاشیں اب تک برآمد ہو چکی ہیں۔