کورونا کی صورتحال بہتر لیکن وبا ابھی ختم نہیں ہوئی،اگر احتیاط نہ کی گئی تو ۔۔۔۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے خبردار کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہے لیکن یہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ، تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے کورونا کا پھیلاؤ روک لیا گیا ہے، اگر احتیاط نہ کی گئی تو کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ
اگرحکومت کورونا کے حوالے سے بہتر اقدامات نہ کرتی تو آج صورتحال بہت خراب ہوتی، تعلیمی اداروں کا دوبارہ کام کرنا ناگزیر ہے تاہم اگر 5کروڑ بچے سکول جائیں گے تو پھر ہمیں کورونا سے متعلق اقدامات بھی کرنے ہوں گے تاکہ موذی مرض دوبارہ سر نہ اٹھا سکے۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کومرحلہ وار کھولا جائے گا، مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے سے کورونا کے اثرات کا بھی پتا چلے گا، طلبہ کی تعداد کو کم کر کے کلاسز لی جائیں گی، اگر ایک کلاس میں 40بچے ہیں تو انہیں 20 ،20کے گروپ میں پڑھایا جائے گا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ضروری نہیں کہ سرجیکل ماسک پہنا جائے،فیبرک ماسک بھی پہنا جاسکتا ہے اور یہ ماسک گھر پر تیار کیا جاسکتا ہے جسے دھو کر دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے، جو بچے بیمار ہیں وہ پہلے مرحلے میں سکول نہ آئیں،ہمیں یہ بات سمجھنا ہے کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا اس لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا،سماجی فاصلے،ماسک کا استعمال اور باقاعدگی سے ہاتھ دھوئے جائیں۔