سشانت سنگھ خود کشی کیس، ریا چکروتی کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا

سشانت سنگھ خود کشی کیس، ریا چکروتی کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا
سشانت سنگھ خود کشی کیس، ریا چکروتی کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے سشانت سنگھ راجپوت خود کشی کیس میں منشیات کے پہلو کی تحقیقات کے دوران اداکارہ ریا چکروتی کے بھائی شووک چکروتی کو گرفتار کرلیا۔

جمعہ کے روز این سی بی کی جانب سے اداکارہ ریا چکروتی کے گھر کی تلاشی لی گئی تھی، اسی کے دوران ان کے بھائی شووک چکروتی کو گرفتار کیا گیا تھا۔این سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شووک کو آئین کی دفعات 20 بی، 28 اور 29 کے تحت حراست میں لیا گیا ہے، اسی کیس میں آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت کے ہاؤس منیجر سیموئل مرانڈا کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو ہفتہ کے روز عدالت میں پیش کرکے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کی تحقیقات کے دوران سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو آنجہانی اداکار کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کی واٹس ایپ چیٹ سے منشیات کے استعمال کی تفصیلات ملی تھیں، جس کے بعد این سی بی کو بھی اس کیس میں شامل کرلیا گیا۔

 سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے معاملے کی اس وقت بھارت کی 3 مرکزی ایجنسیز تحقیقات کر رہی ہیں۔ سی بی آئی اس کیس میں خود کشی کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) منی لانڈرنگ کی تحقیقات اور این سی بی بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال کی تحقیقات کر رہی ہے۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کیس میں منشیات کے استعمال کی بات سامنے آنے پر ہی یہ انکشاف ہوا تھا کہ بالی ووڈ میں منشیات سمگل اور استعمال کرنے والوں کا ایک منظم گروہ موجود ہے، اس لیے این سی بی کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے۔

مزید :

Breaking News -تفریح -