شہزاد اکبر نے ایس ای سی پی کے افسر ساجد گوندل کی گمشدگی کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) افسر ساجد گوندل کی گمشدگی کا نوٹس لے لیا ہے۔وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے اسلام آباد پولیس کو ساجد گوندل کی جلد بازیابی کی ہدایات کردی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے ایس ای سی پی کے افسر ساجد گوندل کی گمشدگی پر اظہار تشویش کیا ہے۔اپنے بیان میں شیریں مزاری نے کہا کہ ساجد گوندل کی جلد از جلد بازیابی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، ہر شہری کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، قانون کو بالادستی ملنی چاہیے۔