خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث حادثات میں کتنے افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے؟پی ڈی ایم اے نے افسوسناک تفصیلات جاری کر دیں
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے جبکہ ان حادثات میں 67 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 26 اگست سے ہونے والی بارشوں سے اب تک ہونے والے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے جبکہ 67 افراد زخمی ہوئے ،بارشوں اور سیلاب سے 191گھروں کو جزوی اور 94 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ سیکرٹری ریلیف کے مطابق چینی سفارتخانے نے سوات میں متاثرہ 800 خاندانوں کے لیے کھانے کی اشیا بھیجی ہیں جب کہ چترال، کوہستان اور بونیر کیلیے مز ید امدادی سامان بھیج دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ بونیر کو 350 خیمے، 180 کچن سیٹس، 180 حفظان صحت کٹس، 500 کمبل اور 200 پلاسٹک میٹ مہیا کیے گئے ہیں جب کہ ضلع تورغر کو 200 خیمے، 100 کچن سیٹس، 200 پلاسٹک میٹ، 200 ترپال، 5 سرچ لائٹس اور 100 میٹس دیے گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔