ڈیرہ میں سیلاب سے مخدوش سڑکوں کی بحالی کا عمل جاری
ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ) کمشنر ڈیر ہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے پیش نظر حالیہ سیلاب کی وجہ سے منقطع ہونے والی تقریبا تمام سڑ کوں کی بحالی کا عمل جاری ہے جنکی نگرانی کمشنر ڈیرہ اسماعیل ڈویژن خود کر رہے ہیں۔ جن شاہراہوں اور سڑکوں پر بحالی کا عمل جاری ہے ان میں ٹھٹھہ بلوچاں،گاؤں کیچ،رمک تا شاہ جمال روڈ،پروآ تا مکڑ روڈ،یارک تا رحمان آباد،رمک تا کڑی شموزئی،کڑی شموزئی تا منگل اورچشمہ روڈ شامل ہیں جبکہ دیگر تمام رابطہ سڑکوں بلخصوص نیشنل ہائی وے N-55اور N-50پر بھی این ایچ اے اور پی کے ایچ اے کی جانب سے بحالی کا کام جاری ہے اور جلد ہی ٹریفک کے لیے مکمل کھول دی جائینگی۔واضح رہے کہ فلڈ ریلیف اور اقدامات سے متعلق کمشنر ڈیرہ کی زیر صدارت منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں سمیت انفراسٹرکچر کی بحالی کے کاموں میں مزید تیزی لانے سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں جس پر تمام متعلقہ محکمے عمل پیرا ہیں اور متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہمی کے ساتھ ساتھ راستوں کو بھی بحال کیا جا رہا ہے تاکہ نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہو بلکہ ان علاقوں تک رسائی حاصل کر کے ریلیف سرگرمیاں امداد فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔