حافظ نعیم الرحمن کا بلدیاتی الیکشن میں تاخیر پر چیف جسٹس کو خط
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ کر بلدیاتی الیکشن میں تاخیر پر از خود نوٹس کا مطالبہ کردیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایسی کوئی صورتحال نہیں کہ انتخابات نہ کرائے جاسکیں، چیف جسٹس الیکشن نہ کرانے پر سوموٹو نوٹس لیں، ہمارامطالبہ ہے کہ فوری الیکشن کا اعلان کیا جائے، کراچی کے عوام کو ان کا حق ملنا چاہیے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مشکل وقت میں سیلاب متاثرہ لوگوں کی مدد کررہے ہیں، کراچی کے عوام نے بڑے پیمانے پر فنڈز دیئے ہیں، سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد پر کراچی کے لوگوں پر فخر ہے، کراچی سب کو سب کچھ دے رہاہے، مگر اس شہر کو کوئی کچھ نہیں دے رہا، الخدمت کا اندرون سندھ متاثرہ علاقوں میں بھرپور ریلیف کا کام جاری ہے، لیکن سندھ حکومت کے اربوں روپے کے بجٹ کہاں ہیں؟۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی غیر قانونی و نمائشی ہیں، مرتضی وہاب کو تو کراچی پر مسلط کیاگیا اور اصل حکومت وڈیروں جاگیرداروں کی ہے، کراچی اذیتوں کا شکارہے پھر بھی سیلاب متاثرین کی مدد کررہاہے، کراچی ٹپک رہا ہے، اور کوئی اس کے مسائل حل نہیں کررہا۔