متاثرین سیلاب کی مشکلات کا احساس،بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے:محمود خان
پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کی بحالی کیلئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کر رہی ہے جس کا حتمی مقصد کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بحال کرنا اور ان کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اْنہوں نے کہا ہے کہ حال ہی میں صوبائی کابینہ نے ریلیف سرگرمیوں کیلئے ڈھائی ارب روپے کے اضافی فنڈزفراہم کرنے کی منظوری دی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔ تاہم اب تک ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جس کے مطابق فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پہلے مرحلے میں متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کی بحالی کریں گے اور صوبائی حکومت آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف سرگرمیوں کیلئے نافذ ایمرجنسی میں 30 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے تاکہ متاثرہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ اْنہوں نے کہاکہ وہ خود ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورے کر رہے ہیں اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کے نقصانات اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاوضے کی رقم میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔ اْنہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی اپنی حکومت ہے اور یہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ انہیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔وسائل کی کمی کو متاثرین کی بحالی میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ اْنہوں نے کہاکہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ کونسی حکومت عوام سے مخلص ہے اور کون سی حکومت صرف فوٹو شوٹ اور سیاست کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود پاکستان تحریک انصاف حکومت کا منشور ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مختلف متاثرہ اضلاع میں بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں اور کوشش ہو گی کہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو دوبارہ سے آباد کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حالیہ سیلاب کے دوران دریاوں کے کناروں پر تعمیرات کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا ہے، ندی نالوں اور دریاوں پر تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس قسم کی سیلابی صورتحال میں نقصانات کم سے کم کیے جا سکیں۔