اسلام آباد:وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری متعلقہ تھانے کو موصول
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری تھانہ بھارہ کہو پولیس کو موصول ہوگئے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس کو آگاہ کیا جارہا ہے۔
عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو وارنٹ گرفتاری کی فوری تعمیل کا حکم دے دیا۔ وارنٹ گرفتاری پر علی امین گنڈاپور کے ڈی آئی خان گھر کا پتہ بھی درج ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق سی ایم ہاؤس پشاور کو آگاہ کیا جارہا ہے۔اسلام آباد پولیس نے علی امین گنڈاپور کے وکلاء کو بھی وارنٹ گرفتاری کی کاپی فراہم کردی ہے۔