لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے آج نو منتخب امین بیت المال پنجاب ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ کے ساتھ ملاقات کی۔ خواجہ محمد وسیم بٹ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلی بار سوشل ویلفیئر کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منسٹر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور پارلیمانی سیکرٹری چوہدری ارشد جاوید وڑائچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں محکمانہ امور اور کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے امین بیت المال پنجاب کو ان کے نئے عہدے پر مبارکباد دی اور ان کے ساتھ عوامی خدمت کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ خواجہ محمد وسیم بٹ نے ادارے میں شمولیت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے عوام کی خدمت کے لیے اپنے پختہ ارادے کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سہیل شوکت بٹ نے ہمت کارڈ منصوبے پر بھی بات چیت کی اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ کے تحت مستحقین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور عنقریب یہ کارڈ مستحقین کے ہاتھوں میں ہوگا۔ یہ کارڈ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے معاشرے کے سب سے مستحق طبقے کے لیے بہترین تحفہ ہے۔
سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ بیت المال کے ساتھ مل کر اس کارڈ کو مکمل شفافیت کے ساتھ افراد باہم معذوری تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بے وسیلہ اور نادار طبقے کے لیے امید کی نئی کرن بن کر آئی ہیں اور ان کی قیادت میں ہمت کارڈ جیسا منصوبہ غربت کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔