پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ فصل خریف قرضوں کا اجراء15 اپریل سے شروع کریگا
لاہور (پ ر) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ فصل خریف 2014ءکیلئے 15 اپریل 2014ءسے پیداواری قرضہ جات کا اجراءشروع کر رہا ہے۔ یہ قرضہ جات کوآپریٹو سوسائٹیز کے چھوٹے کاشتکار ممبران میں ان کی زرعی ضروریات کے مطابق جاری کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی زرعی ضروریات پوری کر سکیں۔ ان قرضہ جات کیلئے بینک نے 2 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں اس کا اظہار سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب بابر حیات تارڈ کو بینک کی کارکردگی کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ میں کیا گیا۔
انہیں بتایا گیا کہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ ملک بھر میں کوآپریٹو سیکٹر کا واحد شیڈولڈ بینک ہے جو اپنا سفر جاری رکھے ہوئے اور اپنی کامیابی کی صدی مکمل کرنے کی طرف جارہا ہے۔ صدر/ چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک سید طلعت محمود، ایڈیشنل سیکرٹری کوآپریٹوز عبداللہ شاہد، چیف آڈیٹر کوآپریٹوز ارشاد احمد شاد اور بینک کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہیں بتایا گیا کہ بینک نے یکم جولائی تا 31 دسمبر 2013ءتک 315 ملین روپے کا منافع کمایا اور بینک نے قرضہ جات کے اجراءکے ساتھ ساتھ بقایا جات کی وصولی اور بالخصوص پرانے اور رکے ہوئے قرضہ جات کی وصولی پر خصوصی توجہ دی۔ بینک نے 14 ہزار 735 نادہندگان کے خلاف کیسز کوآپریٹو عدالتوں میں درج کروائے جس میں سے 11 ہزار 696 کیسز کا فیصلہ بینک کے حق میں ہو چکا ہے اور 1099 نادہندگان کی جائیدادیں بینک کے نام ہو چکی ہیں۔ بینک نے یکم جولائی 2009ءتا 30 جون 2013 ءتک 6064.22 ملین روپے کی کیش وصولی کی اور یکم جولائی 2013ءتا مارچ 2014ءتک 889.52 ملین روپے کی وصولی کی ہے اس موقع پر بتایا گیا کہ بینک کی صوبہ بھر میں تمام برانچوں کو آن لائن، ای میل اور انٹر نیٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے اور جلد ہی اے ٹی ایم اور فون بینکنگ کی سہولت بھی فراہم کردی جائے گیا۔ سیکرٹری کوآپریٹوز نے اس موقع پر زور دیا کہ بینک کو تحریک امداد باہمی کی حقیقی روح کے مطابق موجودہ حالات کے مطابق ڈھالا جائے تاکہ ملک میں تحریک امداد باہمی کے فروغ کے ساتھ ساتھ کاشتکار / ممبران کوآپریٹو سوسائٹیز اس ادارہ سے بھر پور استفادہ کر سکے۔