ڈیوس کپ ٹائی، فلپائن نے پاکستان کےخلاف برتری حاصل کر لی

ڈیوس کپ ٹائی، فلپائن نے پاکستان کےخلاف برتری حاصل کر لی

منیلا (سپورٹس ڈیسک) ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشنیا زون گروپ ٹو کے دوسرے راﺅنڈ کے پہلے روز فلپائن نے پاکستان کے خلاف 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ سمیر افتخار اور عقیل خان کو سنگلز مقابلوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعہ کو فلپائن میں شروع ہونے والی ٹائی کے ابتدائی روز کھیلے گئے پہلے سنگل مقابلے میں پاکستان کے عقیل خان کا مقابلہ میزبان فلپائن کے پیٹرک جان تھائرو سے تھا۔ فلپائن کے کھلاڑی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عقیل خان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7-5، 6-4 اور 6-4 سے زیر کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی، دوسرے سنگل مقابلے میں فلپائن کے روبن گونزالیز نے پاکستان کے سمیر افتخار کو 6-4، 6-3 اور 6-1 سے ہرا کر اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔ آج ہفتہ کو ڈبل مقابلے ہوں گے جبکہ کل اتوار کو آخری دو سنگلز میچوں کے فیصلے ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے پہلے راﺅنڈ میں ویتنام کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔

مزید : میٹروپولیٹن 3