انگلیش ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی

انگلیش ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی

ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) چوتھے ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری بار فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ فاتح ٹیم نے 102 رنز کا ہدف با آسانی 16.5 اوورز میں ایک وکٹ پر پورا کیا۔ اینیا شربسول میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.5 اوورز میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ چلوئی ٹراؤن 40 اور مگنن دو پریز 23 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔ اینیا شربسول اور ریبیکا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور کی آخری گیند پر ایک کھلاڑی کے نقصان پر حاصل کر کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سیرا ٹیلر 44 اور ہیتھر نائٹ 21 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کا فائنل کل کھیلا جائے گا۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں مدمقابل ہوں گی۔ آسٹریلوی ٹیم ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے سے ایک قدم دوری پر ہے،پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلوی ٹیم نے ویسٹ انڈیز جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ہرایا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم مسلسل تیسری بار عالمی چیمپئن بن کر نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے پر عزم ہے تاہم دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم روایتی حریف کو فائنل میں ہرا کر دوسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلئے تیار ہے۔ ماہرین کرکٹ نے کہا ہے کہ دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں اسلئے فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 3