کیریبین پریمیئر لیگ میں آفریدی مسترد محمد حفیظ 80 ہزار ڈالر میں نیلام ہو گئے

کیریبین پریمیئر لیگ میں آفریدی مسترد محمد حفیظ 80 ہزار ڈالر میں نیلام ہو گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کنگسٹن (سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز میں رواں برس جولائی میں شیڈول کیریبین پریمیئر کرکٹ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی بولی لگ گئی۔ پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن 80، 80 ہزار ڈالر میں بکے ہیں۔ شہرہ آفاق پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو حیران کن طور پر کسی فرنچائز نے نہیں خریدا۔ لیگ میں پاکستان کے سات کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ کیریبین پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی ہو گئی۔ سب سے پہلی بولی انگلش بلے باز کیون پیٹرسن کی لگی اور سینٹ لوشیا زوکس نے انہیں 80 ہزار ڈالر میں خریدا، پاکستان کے محمد حفیظ گیانا کی نمائندگی کریں گے، سعید اجمل اینٹی گوا، سہیل تنویر سینٹ لوشیا، احمد شہزاد جمیکا تلاواز، ناصر جمشید ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو جبکہ عمران نذیر اور شعیب ملک بارباڈوس ٹریڈنٹس کی طرف سے کھیلیں گے۔ شاہد آفریدی کا کوئی خریدار نہیں تھا۔ انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے کیوی بلے باز کورے اینڈرسن کو گیانا نے خریدا ہے۔ تلکارتنے دلشان، ڈینئل ویٹوری، تمیم اقبال اور ٹام کوپر کو بھی کسی فرنچائز نے نہیں خریدا۔ آسٹریلیا کے ایڈم ووجز اور ڈیوڈ ہسی بھی لیگ کا حصہ ہوں گے، سری لنکا کے تھسرا پریرا، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل، آئرلینڈ کے کیون اوبرائن اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بالترتیب اپنی اپنی فرنچائزز میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ بنگلہ دیش میں پانچواں ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کھیلنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے تمام کھلاڑی لیگ میں اپنی اپنی فرنچائزز کی طرف سے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ فرنچائزز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل اتوار تک اپنی اپنی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جمع کرا دیں۔