پرویز مشرف کے خلاف بیان بازی کرنےوالے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، الیاس گجر

پرویز مشرف کے خلاف بیان بازی کرنےوالے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، الیاس گجر

لاہور (خبرنگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد الیاس گجر نے اپنے بیان میں کہا کہ پرویز مشرف کے راستے میں ہونے والے بم دھماکے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار ،خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف ملوث ہیں ،ہم اس واقعہ کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ تین نومبر 2007کی ایمرجنسی کے بعد بننے والی حکومت جن جن لوگوں نے پرویز مشرف سے وزارتوں کے حلف لیے تھے ان کے خلاف بھی آرٹیکل سکس کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف کو پرویز مشرف کے خلاف بیان دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے۔ پرویز مشرف سے حلف لیتے وقت ان کی غیرت کہاں تھی، ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست حکومت کی طرف سے مسترد کرنا ذاتی عناد کا نتیجہ ہے ۔ہم امید کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ آف پاکستان آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکال دے گی۔ پرویزمشرف کے سیاسی مخالفین کے علاوہ آل پاکستان مسلم لیگ میں شامل چند نام نہاد عناصر نے پارٹی کو نقصان پہنچانے کے علاوہ پرویز مشرف کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا ہے۔ چوہدری محمد الیاس گجر نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ نواز شریف کے پچھلے ادوار میں بھی اس کے غلط مشیروں نے اس کواقتدار سے الگ کروایا تھا، اب نواز شریف کو اپنی حکمت عملی سے کام لینا چاہیے ورنہ غلط مشیروں کا ٹولہ انہیں لے ڈوبے گا۔ حکومت میں موجود لوگ سیاسی بیان دے کر عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جوکہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4