ترقیاتی حکمت عملی 2018ء مرتب کی جارہی ہے:شہبازشریف

ترقیاتی حکمت عملی 2018ء مرتب کی جارہی ہے:شہبازشریف
ترقیاتی حکمت عملی 2018ء مرتب کی جارہی ہے:شہبازشریف
کیپشن: Shahbaz-Sharif

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں تیزرفتار معاشی ترقی کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔پنجاب میں شرح نمو میں اضافے کے لیے ماہرین کی مشاورت سے ترقیاتی حکمت عملی 2018ء مرتب کی جارہی ہے ۔معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور حکومت اداروں کی استعدادکار میں اضافے کے لیے موثر اقدامات کررہی ہے ۔صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ای۔گورنمنٹ کے قیام کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ آئندہ ساڑھے چار برسوں کے دوران روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزعالمی بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے دوران پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اورمختلف شعبوں میں بہتری لانے سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا ۔ورلڈ بینک کے حکام اورپنجاب حکومت کے درمیان لائٹ مینوفیکچرنگ ،اربن ڈویلپمنٹ ،ایگری بزنس،کان کنی ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اورسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون پراتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عالمی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں بلکہ معیشت کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے ۔حکومت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔موٹر وے کے قریب جدید قائداعظم اپیرل پارک کے قیام کامنصوبہ بنایا گیا ہے اور اس اپیرل پارک میں گارمنٹس سے وابستہ سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کی تکمیل سے ٹیکسائل کا شعبہ مستحکم ہوگا اور ملکی برآمدت میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں اپیرل پارک کے قیام کامنصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک فری رسائی حاصل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے حالات سازگار بنائے گئے ہیں۔ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن حوصلہ ا فزائی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ زراعت،لائیوسٹاک،ڈیری فارمنگ کے شعبوں میں ترقی کی بڑی گنجائش موجود ہے۔لائیوسٹاک اور حلال مصنوعات کی برآمدت کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ان شعبوں کی پائیدار ترقی سے پاکستان کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے کے لیے توانائی کی اشد ضرورت ہے ۔حکومت توانائی کے بحران پر قابوپانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ،صحت اورسماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے لیے اصلاحاتی پروگراموں پر عملدر آمد کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بینک کا تعاون بھی لائق تحسین ہے ۔عالمی بینک کے وفد کے اراکین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے
ہوئے کہا کہ اپیرل پارک کا منصوبہ انتہائی شاندار ہے اوراس منصوبے کی تکمیل سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے عالمی بینک کے وفد میں لیڈسپیشلسٹ ونسینٹ پلمیڈ (Mr. Vincent Palmade)، کنسلٹنٹ جیمز کریٹل(Mr. James Crittle)، اکانومسٹ ڈاکٹر چین(Dr. Chan)،سینئر اربن سپیشلسٹ فاطمہ شاہ اوردیگر عہدیدار شامل تھے ۔ مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری صنعت، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

بزنس -