مسلم لیگ (ن) معذوروں اور محنت کشوں کو چھت فراہم کرتی ہے، راجہ اشفاق

مسلم لیگ (ن) معذوروں اور محنت کشوں کو چھت فراہم کرتی ہے، راجہ اشفاق

لاہور( خبر نگار) صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے ڈیفنس روڈ پر واقع لیبر کالونی میں 333 محنت کشوں کو گھروں کی چابیاں دیں جس میں معذوروں‘ خواتین اور بزرگوں کے لئے خاص کوٹہ مختص کیا گیا تھا۔ صوبائی وزیرنے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی دلی خواہش ہے کہ مزدوروں اور ان کی فیملیز کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔ ان میں ذاتی گھر کی فراہمی سرفہرست ہے۔ جس کے لئے وہ مسلسل کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک پنجاب میں 27 لیبر کالونیوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیر نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مرحلے میں مزید 334 گھروں کے مالکانہ حقوق محنت کشوں کو دیئے جائیں گے اور یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی مزدوردوست پالیسیوں کو محنت کشوں میں بے پناہ سراہا جا رہا ہے۔ اپنی چھت ہر شخص کی ایک بڑی خواہش ہوتی ہے جس کا خواب ہر محنت کش دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف شہبازشریف کی حکومت ایسی ہے جو غریبوں‘ معذوروں اور محنت کشوں کو چھت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے چابیاں وصول کرنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ ان مکانات کی حفاظت کریں۔ انہیں بیچنے یا کرائے پر دینے کی غلطی ہر گز نہ کریں۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف محکمہ کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ سے موصول ہونے والی رقوم کو حقیقی معنوں میں ورکروں کی ہی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ بعدازاں صوبائی وزیرنے کامسیٹ یونیورسٹی کے مختلف کیمپس کا دورہ کیا۔ جدید ترین لیب اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی کی بے حد تعریف کی اور کہا کہ کامسیٹ یونیورسٹی واحد ادارہ ہے جو غریبوں کے بچوں کو جدید ترین تعلیم زیورسے آراستہ کر رہا ہے۔

مزید : صفحہ آخر