ایل ایف اوکو تحفظ دینے والوں کا آرٹیکل 6کے تحت ٹرائل کیا جائے، بابر اعوان

ایل ایف اوکو تحفظ دینے والوں کا آرٹیکل 6کے تحت ٹرائل کیا جائے، بابر اعوان

لاہور(نامہ نگار خصوصی)سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ایل ایف اوکوتحفظ فراہم کیامگر صرف ایک ادارے کے چیف کا ہی ٹرائل کیاجارہا ہے۔آئین کے آرٹیکل 25کا تقاضا ہے کہ 2000اور2007میں ایل ایف اوکو تحفظ فراہم کرنےوالے اداروں کے سابق سربراہوں کا بھی آئین کے آرٹیکل 6کے تحت ٹرائل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھٹو کیس عدالتی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے جسے دھونے کے لئے سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ بھٹو ریفرنس کی جلد سماعت کی جائے۔ سابق ادوار میں دواین آر اوز کے بعد اب موجودہ حکومت نے غیر ریاستی عناصر سے تیسرا این آر او کر کے قیدی رہاءکردئیے۔مشرف ٹرائل کے حوالے سے قوم کو آگاہ کردینا چاہتا ہوں کہ چوتھا اور سب سے بڑا این آر او تیار ہو چکا ہے جسکے ساتھ ہی مہمان جانے اورمیزبان استقبال کے لئے بالکل تیار ہیں۔

مزید : صفحہ آخر