وزیر اعلیٰ کے مشیر صحت نے میو ہسپتال میں تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کی عیادت کی

وزیر اعلیٰ کے مشیر صحت نے میو ہسپتال میں تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کی عیادت ...


لاہور( جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے گزشتہ روز میوہسپتال کا دورہ کیا اور گھرکے مالک کے ہاتھوں مبینہ طور پر جلائی جانے والی گھریلوملازمہ 14سالہ اقصی کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو متاثرہ لڑکی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت کی خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف اس افسوسناک واقعہ کا پہلے ہی نوٹس لے چکے ہیں اور پولیس واقعہ کی تیزی سے تفتیش کررہی ہے انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس افسوناک واقعہ میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں خواجہ سلمان رفیق نے اس موقعہ پر متاثرہ لڑکی کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مظلوم خاندان کو پورا انصاف مہیا کرے گی اور معصوم بچی کے ساتھ انسانیت سوزسلوک کرنے والے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ میو ہسپتال کے ڈاکٹر وں نے خواجہ سلمان رفیق کو بتایا کہ آگ کی وجہ سے 14سالہ اقصیٰ کے جسم کا 44فیصد حصہ متاثر ہوا ہے اور اس کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹرزخمی کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1