رجسٹریشن کے بغیر گاڑی فروخت نہیں کی جا سکے گی
لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ موٹر ڈیلرز پر بھی دفعہ 144نافذ کردی جائے گی جس کے تحت بغیر رجسٹریشن کے ڈیلرگاڑی گاہک کے حوالے نہیں کرسکے گا انہوں نے کہا کہ بغیر رجسٹریشن گاڑی سڑک پر لانے کی صورت میں مالک پر 5ہزار سے10ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا اور متعلقہ ڈیلر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی موٹر رجسٹریشن نمبر پلیٹس بارے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ گاڑیوں کی چوری روکنے کے لیے ناقابل تبدیل نمبر پلیٹس محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی جانب سے فراہم کی جائیں گی اور بمپر ایکسیڈنٹ یا نمبر پلیٹ ٹوٹنے کی شکل میں محکمہ کی جانب سے متبادل نمبر پلیٹ فراہم کی جائے گی، ایک دفعہ نمبر پلیٹ نصب کردینے کے بعد نہ تو اتاری اور نہ ہی کسی اور گاڑی پر نصب کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی طرز پر پورے صوبہ میں یکساں نمبر پلیٹ رائج کرنے پر بھی غور کیا جارہاہے جس کے تحت شہری رجسٹریشن کے لیے اپنے اپنے شہروں میں ہی ایکسائز دفاتر سے رابطہ کریں گے لیکن نمبر پلیٹ لاہور سے جاری کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ہائی ویز پر کیمرے کے ذریعے گاڑی کی نمبر پلیٹ سکین ہونے کے بعد چوری شدہ گاڑی کا تمام ڈیٹافوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پہنچ جائے گا اور اگلے چیک پوائنٹ پر گاڑی کو روک کر مزید تفتیش کی جاسکے گی مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی جانب سے رواں سال ماہ جون سے 5لاکھ نمبر پلیٹس مہینے میں فراہم کرنا شروع کردی جائیں گی انہوں نے کہا کہ ٹوکن ٹیکس ، پراپرٹی ٹیکس و دیگر ٹیکسزبنک آف پنجاب ، یو فون ، ماسٹر کارڈ و دیگر اداروں سے بھی آن لائن وصول کرنے پر غور کیاجارہاہے۔