افغان صدارتی الیکشن آج ہونگے، زلمے رسول اور عبداللہ عبداللہ سمیت8امیدواروں میں مقابلہ

افغان صدارتی الیکشن آج ہونگے، زلمے رسول اور عبداللہ عبداللہ سمیت8امیدواروں ...

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان صدارتی الیکشن کے لئے پولنگ(آج) ہو گی،زلمے رسول اور عبداللہ عبداللہ سمیت8امیدوار میدان میں ہونگے،حامد کرزئی حصہ نہیں لے سکیں گے،1کروڑ 10لاکھ افراد حق رائے دہی استعمال کرینگے،صوبائل کونسل کی نشستوں کے لئے308خواتین سمیت2700امیدوار آ منے سامنے ہونگے،پولنگ کے لئے تیاریاں مکمل،28500میں سے 748پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دے دیا گیا،4لاکھ سے زائد اہلکار سکیورٹی فرایض انجام دیں گے۔تفصیلات کے مطابق افغان صدارتی الیکشن (آج) ہفتہ سے ہو رہے ہیں جن میں ایک کروڑ10لاکھ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے،13لاکھ سے زائد افغان خواتین نے بھی ووٹ رجسٹرڈ کروالیے،ملک بھر میں28 ہزار 500پولنگ اسٹیشن قائم ، 748 کو حساس ترین قراردیدیاگیا،نیٹو نے افغاشہریوں پر زوردیا ہے کہ وہ تشدد کے باوجود ہفتے کے روز گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 اپریل کوہونے والے افغان صدارتی انتخابات پر دنیا بھر کی نظریں لگی ہیں ، خطے میں امریکی فوج کی واپسی کے بعد افغانستان کا مستقبل اور امریکا کی نظر میں اس کے بعد کا افغانستان کیسا ہوگا اور امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان طالبان کے اثر رسوخ سے کتنا آزآد رہے گا اور نئے الیکشن کے بعد افغانستان کی خارجہ پالیسی میں کیا تبدیلی آئے گی اور پاکستان اوربھارت سے اس کے تعلقات میں کیا موڑ آئے گا۔گزشتہ روز افغان صوبے سرائے پل میں انتخابی امیدوار سمیت 9 افراد قتل کردیے گئے۔ افغان حکام نے ان افراد کے قتل کا الزام طالبان پر لگایا ہے۔دوسری طرف انتخابات میں خواتین کے کردار کو مغربی میڈیا خاصی اہمیت دے رہا ہے۔ صوبائی کونسل کی نشستوں کیلیے2700 سے زائد امیدواروں میں سے308 خواتین انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جو افغان انتخابی تاریخ میں سب سے بڑی تعداد ہے، جن میں نائب صدارتی امیدوار حبیبہ سورابی بھی شامل ہیں۔ افغان صدارتی انتخابات میں8 امیدوار حصہ لے رہے جن میں اشرف غنی احمد زئی، زلمے رسول اور عبداللہ عبداللہ کو اہم امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ دیگر امیدواروں میں محمد داود سلطان زئی، قطب الدین جلال، گل آغا شیرزئی اور ہدایت امین ارسلہ شامل ہیں۔ افغان آئین کے مطابق صدر حامد کرزئی تیسری مرتبہ صدر کیلیے منتخب نہیں ہو سکتے۔وہ 13برس اس عہدے پر فائز رہے۔ ملک بھر میں28ہزار 5سو پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جس میں سے748 حساس ترین پولنگ اسٹیشنز ہیں جن کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلیے اضافی نفری تعینات کی جارہی ہے ۔افغان وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخابات کیلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور4 لاکھ سیکیورٹی اہلکار سیکیورٹی کی ذمے داری سنبھالیں گے۔۔دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرس فوگ راسموسین نے برسلز میں اتحاد کے وزرائے خارجہ کے دوروزہ اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ میرا افغانستان کے مردو خواتین کیلیے واضح پیغام ہے کہ الیکشن میں ووٹ ڈالیں کیونکہ صرف آپ ہی کو اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔

مزید : صفحہ اول