غیر عسکری 19 طالبان قیدیوں کی رہائی میں کوئی صداقت نہیں : مولانا یوسف شاہ
نوشہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک )طالبان کمیٹی کے کوارڈینیٹر مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ غیر عسکری 19طالبان قیدیوں کی رہائی کے بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے ، طا لبا ن کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کا مشترکہ اجلاس آج وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں طالبان کے جانب سے فراہم کردہ قیدیوں کی فہرست پر بات چیت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ جن قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے ان کاطالبان کی جانب سے فراہم کردہ فہرست سے کوئی تعلق نہیں ہے ، حکومت بیان بازی کرنے کی بجائے طالبان کمیٹی کو اعتماد میں لے ،غیر عسکری 19طالبان قیدیوںکی رہائی کے بیان میںکوئی صداقت نہیں ہے نہ ہی انیس طالبان قیدیوں کی رہائی کا ہمیں علم ہے۔ ادھر پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ رہا شدہ افراد کے بارے میں ہماری کمیٹی لاعلم ہے ،ان افراد کی فہرست ہمیںفراہم نہیں کی گئی۔