امریکی پولیس کی پھرتی، شہری پریشان

امریکی پولیس کی پھرتی، شہری پریشان
امریکی پولیس کی پھرتی، شہری پریشان

  

ڈیٹروئٹ (نیوز ڈیسک) پولیس کی پھرتیوں نے ایک امریکی شہری کو مشکل میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیٹروئٹ کے رہائشی آرتھر ولینم کی گاڑی چوری ہوگئی تو اس نے پولیس میں رپورٹ درج کرادی۔ پولیس نے گاڑی ڈھونڈ نکالی لیکن قبضہ واپس دینے کے لئے گودام کی پارکنگ فیس کی مد میں 1100 ڈالر بھی وصول کرلئے۔ آرتھر کی گاڑی کے ٹائر بھی چوری ہوگئے تھے لہٰذا اسے ٹرک پر لاد کر گاڑی گھر لانا پڑی۔ تاہم اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب تھوڑی ہی دیر میں اس کی گاڑی دوبارہ غائب ہوگئی۔ تحقیق کرنے پر معلوم ہوا کہ پولیس کا جو ٹرک گاڑی چھوڑ کر گیا تھا وہی دوبارہ کار اٹھاکر لے گیا ہے۔ آرتھر یہ قصہ لے کر مقامی ٹی وی چینل کے دفتر پہنچ گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ گاڑی کو اس لئے اٹھایا گیا کیونکہ وہ ایک خاص گھر کے باہر پارک تھی حالانکہ اس گھر میں آرتھر رہائش پذیر ہے۔ پولیس نے ابھی تک اس کا موقف اختیار نہیں کیا اور اس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک مرتبہ پھر 1100 ڈالر جمع کرائے جائیں۔ تاہم ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس