حکومت کا مزید طالبان رہا کرنے کا اعلان، طالبان بھی غیر عسکری قیدی رہا کریں: چوہدری نثار

حکومت کا مزید طالبان رہا کرنے کا اعلان، طالبان بھی غیر عسکری قیدی رہا کریں: ...
حکومت کا مزید طالبان رہا کرنے کا اعلان، طالبان بھی غیر عسکری قیدی رہا کریں: چوہدری نثار
کیپشن: Chaudhary Nisar

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 13 طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان میں سے کچھ افراد وہ ہیں جو طالبان کی دی گئی لسٹ میں شامل ہیں جبکہ کچھ افراد اور ہیں، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس کا جواب دوسری طرف سے بھی ملے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ امن لانا مشکل ہے، ملٹری آپریشن کوئی بڑی بات نہیں، معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، ملک جن مشکلات میں گھرا ہے ان میں سے نکالنے کیلئے صبر کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مذاکرات میں پہلے مرحلے میں غیر عسکری قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، اس سے قبل حکومت نے 19 غیر عسکری طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے اور اب مزید 13 قیدیوں کو رہا کر رہے ہیں جبکہ کمیٹیوں کے اجلاس تک 30 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیں گے، امید ہے کہ طالبان کی جانب سے اس کا مثبت جواب ملے گا کیونکہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور غیر ملکیوں سمیت بہت سے بے گناہ اور معصوم لوگ طالبان کے پاس بھی قید ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ آئندہ مذاکرات میں واضح نکات سامنے لانا چاہتے ہیں اور طالبان سے بھی یہی چاہتے ہیں کہ وہ اپنے نکات واضح طور پر سامنے لائیں، امید ہے کہ آئندہ ہفتے مذاکرات کا دوسرا دور باقاعدہ شروع ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا بنیادی نقطہ ایک ہی ہے کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے امن قائم ہونا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طالبان قیدیوں کی رہائی یہ اس پروگرام کا تسلسل ہے جس میں غیر عسکری قیدی دونوں اطراف سے رہا کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ تالی یکطرفہ نہیں بجے گی، اس کا جواب دوسری طرف سے بھی آنا چاہئے۔