’’میڈیا وار‘‘ بھارتی واویلا، پاکستان کی تحسین

’’میڈیا وار‘‘ بھارتی واویلا، پاکستان کی تحسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بھارتی میڈیا نے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کو زبردست خراج تحسین پیش کر دیا ہے اور بھارتی دفاعی ماہرین کے مطابق ڈی جی موجودہ دور کے جنرل گیرازیموف ہیں جو ’’ہائی برڈ وار‘‘ کے بانی ہیں، بھارتی میڈیا اور دفاعی ماہرین نے یہ واویلا بالاکوٹ واقعہ اور فضائی لڑائی میں بھارتی طیاروں کی تباہی کے بیانیہ کی روشنی میں کیا کہ آئی ایس پی آر کی سچی اور بروقت مہم نے پوری دنیا میں بھارتی حکومت کو شرمندہ کر دیا تھا، صرف یہی نہیں پاکستان کی طرف سے ہمیشہ احتیاط کا مظاہرہ کیا گیا اور سچ پر مبنی خبر کی پہلے تصدیق اور پھر تشہیر کی گئی ساتھ ہی ثبوت بھی منسلک کئے گئے اس کا ایک نمونہ گزشتہ دنوں بھی سامنے آیا کہ بھارتی فوج نے حسب سابق کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال اور اچانک فائرنگ کی اس سے ہماری فوج کے تین جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج نے بھی جوابی کارروائی کی اور یقیناًبھارتی سینا کا بھی نقصان ہوا تاہم آئی ایس پی آر نے اپنے شہدا کی ناموں اور تصاویر سمیت خبر ریلیز کی لیکن بھارتی نقصان کے بارے میں خاموشی اختیار کی اور اگلے روز جب تصدیق کر لی گئی تو بتایا کہ بھارت کے نو فوجی مارے گئے۔ متعدد زخمی ہوئے اور کئی چوکیاں تباہ ہو گئیں یوں اس کو جھٹلانا بھی مشکل ہو گیا تاہم بھارتی فوج اور حکومت کا رویہ یہ ہے کہ جانی نقصان کو چھپایا جائے تاکہ فوجیوں کے حوصلے پست اور کشمیری جوانوں کے بلند نہ ہوں، یہی رویہ بھارتی میڈیا کا اپنا ہے کہ وہ پاکستان دشمنی میں اندھا ہو کر بی جے پی کی انتہا پسندانہ پالیسی کی پیروی کرتا ہے، اسی وجہ سے بھارتی رویے کو شرمندگی ہوتی ہے۔آج کے دور میں سچ کو یوں بھی دبایا نہیں جا سکتا کہ گلوبل ورلڈ میں سوشل میڈیا سرگرم ہے۔ اب اگر بھارت اور پاکستان کا اس حوالے سے فرق دیکھا جائے تو وہ سچ اور جھوٹ ہے، پاکستان کی طرف سے سچ کو چھپایا نہیں جاتا یہ الگ بات ہے کہ آئی ایس پی آر اور پاکستان کا دفتر خارجہ اس سچ کو اپنے حق میں استعمال کرنے کے لئے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ اور کوشش کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کی یہ کارکردگی قابل تعریف ہے اور ہم بھارتی میڈیا اور دفاعی تجزیہ کاروں کے واویلا کو میجر جنرل آصف غفور کا اعزاز مانتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ سچ ہمیشہ سر چڑھ کر بولے گا حکومت سے یہ بھی عرض ہے کہ خود اپنے ملکی میڈیا پر بھی یقین اور بھروسہ رکھے کہ سب محب وطن ہیں اس لئے بے جا مداخلت نہ کی جائے۔ اس کے بھی اچھے نتائج نکلیں گے۔

مزید :

رائے -اداریہ -