ابھیشک بچن نے شادی کی پیشکش کب ، کہاں اور کس کے سامنے کی تھی اور ایشوریہ اس وقت کیا کر رہی تھیں؟ شادی کے 11 سال بعد ایشوریہ رائے نے دلچسپ انکشاف کر دیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے اب بھی لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہیں اور 11 سال پہلے جب وہ ابھیشک بچن کی دلہن بنیں تو عوام سمیت بالی ووڈ ستارے بھی حیرت زدہ رہ گئے اور سب کا خیال تھا کہ یہ شادی کامیاب نہیں ہو گی۔
دونوں کی شادی کو اب 11 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور دونوں کی ایک 6 سالہ بیٹی بھی ہے اور اب ایشوریہ رائے نے بالآخر وہ انکشاف بھی کر دیا ہے جس کے بارے میں ان کا ہر مداح جاننا چاہتا تھا۔ انہوں نے بھارتی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ابھیشک بچن نے انہیں شادی کی پیشکش فلم ”جودھا اکبر“ کی شوٹنگ کے دوران اس وقت کی جب انہوں نے عروسی جوڑا زیب تن کر رکھا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ابھیشک بچن نے ”جودھا اکبر“ کی شوٹنگ کے دوران ہریتک روشن اور فلم ہدایت کار آشوتوش گو واریکر کے سامنے شادی کی پیشکش کی۔ایشوریا رائے نے بتایا کہ ابھیشک بچن نے جس وقت انہیں شادی کی پیش کی، وہ اسی فلم کے گانے ”خواجہ میرے خواجہ“ کی شوٹنگ کر رہی تھیں اور انہوں نے دلہنوں جیسا عروسی لباس پہن رکھا تھا۔
ایشوریہ کا کہنا تھا کہ ابھیشک بچن کی طرف سے شادی کی پیشکش پر فلم کے ہدایت کار حیران رہ گئے جبکہ ہریتک روشن بھی تھوڑے سے حیران ہوئے البتہ انہوں نے فوراً ہی اچھے تاثرات دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ ابھیشک بچن اور ایشوریا رائے 2007ءمیں شادی کے بندھن میں بندھے تھے لیکن دونوں کے درمیان پہلے سے ہی تعلقات استوار ہوچکے تھے۔دونوں کے ہاں نومبر 2011 میں بچی پیدا ہوئی اور اب تک یہ دونوں 6 سے زائد فلموں میں اکٹھے کام بھی کر چکے ہیں۔