حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے نیب کے چھاپے پر بلاول بھٹو بھی میدان میں آ گئے ، پیغام جاری کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کیلئے شہبازشریف کی ماڈل ٹاﺅل رہائشگاہ پر چھاپہ مارا لیکن انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث انہوں نے وہاں سے واپس جانے کا فیصلہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے نیب کی جانب سے مارے جانے والے چھاپے کی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مذمت کی ہے اور کہاہے کہ احتساب نہیں بلکہ سیاسی انتقام کی مخالفت کرتے ہیں ، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام قبول نہیں ہے اور حکومت نے پھر آمرانہ اور غیر جمہوری حرکت کی ہے ۔
دوسری جانب نیب نے اپنے اعلامیے میں کہاہے کہ حمزہ شہبازشریف کو منی لانڈرنگ کے الزام میں مضبوط ثبوتوں کی بنیاد پر گرفتار کرنے کیلئے گئے تھے تاہم حمزہ شہبازشریف کے گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا اور نیب کی ٹیم کو باقاعدہ زدو کوب اور نیب ٹیم کے بعض اہلکاروں کے کپڑے پھاڑنے کے علاوہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔