لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین نے اپنے دفتر میں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اورمنیجنگ ڈائریکٹر بیت المال عون عباس سے ملاقات کی،جس میں پرائم منسٹر ہیلتھ اقدامات، صحت انصاف کارڈ اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں،پنجاب میں غربت کی لکیر سے نیچے گر جانے والے گھرانوں کو صحت انصاف کارڈ کی صورت میں حکومت نے بہترین تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ کرپٹ حکومت نے پنجاب کی عوام کو صحت سکیموں کے نام پر صرف جھوٹے وعدوں اور اپنی سیاست چمکانے کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا،سابقہ کرپٹ حکمران خالی عمارتوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر اپنے آپ کو خوش کرتے رہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور ایم ڈی بیت المال عون عباس نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی اور آنیوالے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو خراج تحسین پیش کیا۔