آپ آج تک نوڈلز غلط طریقے سے بناتے آئے ہیں، جاپانی فوڈ ایکسپرٹ نے درست طریقہ بتادیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) نوڈلز ہر گھر میں بنائے جاتے ہیں لیکن اگر آپ کو یہ کہا جائے کہ آپ آج تک انہیں غلط طریقے سے بناتے آئے ہیں تو آپ یقینا حیران ہوں گے۔ اب ایک جاپانی فوڈ ایکسپرٹ نے نوڈلز بنانے کا درست طریقہ بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 32سالہ بونی شنگ نامی یہ خاتون ماہر لندن میں مقیم ہے اور ان کا اپنا نوڈلز کا برانڈ بھی ہے جس کا نام ’ریمن‘ (Ramen)ہے۔ بونی شنگ کا کہنا ہے کہ ”نوڈلز ایشیائی ڈش ہے جسے باقی تمام دنیا میں 80فیصد سے زیادہ لوگ غلط طریقے سے بناتے ہیں۔ جاپانی کلچر میں نوڈلز کو ’زندگی کی علامت‘ سمجھا جاتا ہے جہاں یہ ہر شہری کی خوراک کا لازمی حصہ ہیں۔ “
نوڈلز بنانے کا درست طریقہ بتاتے ہوئے بونی شنگ کا کہنا تھا کہ ”نوڈلز بنانے کے لیے ہمیشہ الگ سے پین استعمال کریں۔ وہ پین جس میں آپ باقی کھانے بناتے ہیں کبھی بھی نوڈلز بنانے کے لیے استعمال نہ کریں بلکہ ان کے لیے الگ سے ایک پین مختص ہونا چاہیے۔نوڈلز کو ہمیشہ ابلتے ہوئے پانی میں ڈالیں اور پانی میں ڈالنے سے قبل انہیں توڑیں مت۔ اگر پکنے کے بعد آپ کے نوڈلز ایک دوسرے کے ساتھ جڑ جاتے ہیں تو اس کی وجہ نشاستہ ہے۔ اسے ہٹانے کے لیے نوڈلز کو گرم پانی میں ابالنے کے بعد انہیں ٹھنڈے پانی میں ڈال کر کھنگھال لیں اور اس مقصد کے لیے سٹِک استعمال مت کریں۔“
بونی شنگ کا مزید کہنا تھا کہ ”نوڈلز کو ابال کر ٹھنڈے پانی میں کھنگالنے کے بعد جب آپ ان میں ڈالنے کے لیے سبزیاں اور پروٹین وغیرہ تیار کرنے لگیں تو اس دوران ان ابلے اور ٹھنڈے پانی میں کھنگالے ہوئے نوڈلز کو یخ ٹھنڈے پانی میں ڈال کر رکھ دیں اور جب آپ نے انہیں کھانے کے لیے تیار کرنا ہو تو ٹھنڈے پانی سے نکال کر 10سیکنڈ کے لیے ایک بار پھر ابلتے ہوئے پانی میں ڈال دیں۔ نوڈلز بنانے کا ایک قانون ہے جو 80:10:10ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نوڈلز میں 80فیصد نوڈلز، 10فیصد سبزیاں اور 10فیصد پروٹین ہونے چاہئیں۔ اور اب آخری بات، کہ آپ کو ہمیشہ نوڈلز باﺅل میں پیش کرنے چاہئیں۔ نیچے نوڈلزرکھیں، اس کے اوپر پروٹین ، اس کے اوپر سبزیاں اور پھر سب سے اوپر گرم گرم یخنی ڈالیں اور انہیں کھانے کے لیے پیش کر دیں۔“