احسان الحق باجوہ کی نوازشریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ گلف و مڈل ایسٹ کے صدر چودھری احسان الحق باجوہ نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، اسحق ڈار صدر پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز و سابقہ وزیر خزانہ سے لندن میں ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد چودھری احسان الحق باجوہ نے بتایا کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف آج بھی پرعزم اور ان کا حوصلہ جواں ہے وہ قوم و ملک کا درد رکھتے ہیں اور پاکستان کے موجودہ حالات کے بارے متفکرہیں۔ چودھری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ دونوں قائدین کے ساتھ ملاقات میں قومی، ملکی و بین الاقوامی موضوعات پر بات چیت ہو ئی جس میں مسلم لیگ ن یو اے ای کے موجودہ حالات پر بھی گفتگو ہوئی اور انہیں اصل حقائق سے آگاہ کیا گیا۔
لندن سے جاری کردہ پیغام میں چودھری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن اور مہنگائی کی تمام حدوں کو توڑ دیا ہے۔ ملک میں لوگ مہنگائی اور کرپشن کا رونا رورہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت محض اپنی حکومت بچانے میں مصروف ہے۔ چودھری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو اندرونی طور پر کھوکھلا کردیا ہے جس کے نتائج پاکستان کے عوام کو مختلف صورتوں میں بھگتنا پڑرہے ہیں۔ موجودہ حکومت ملک کو سنبھالنے اور اس کا نظام چلان ے میں بالکل فیل ہوچکی ہے جبکہ پاکستان کے عوام بھی اس حکومت سے سخت بد دل اور مایوس ہو کر ملک میں بڑی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ احسان الحق باجوہ نے کہا کہ ملکی بحران دور کرنے کا حل صرف اور صرف مسلم لیگ ن کی قیادت کے پاس ہے ۔

