فخر زمان نے ون ڈے کرکٹ کی 50 سالہ تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا
جوہانسبرگ(آئی این پی)جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 193 رنز کی اننگز کے باوجود فخر زمان پاکستان کو کامیابی تو نہ دلا سکے لیکن اس عمدہ اننگز کے ساتھ انہوں نے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
جنوبی افریقہ نے جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی یٹنگ لائن بری طرح سے ناکام ہوئی اور فخر زمان کے سوا کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقی بالرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔قومی ٹیم ایک موقع پر 205 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی اور اسے فتح کیلئے مزید 137رنز درکار تھے لیکن اس مرحلے پر فخر زمان نے اپنی سنچری مکمل کرنے کیساتھ ٹیل اینڈرز کے ساتھ شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت کی امید پھر سے جگائی۔ڈبل سنچری سے محض 7 رن دوری پر فخر زمان رن آﺅٹ ہوئے۔
اوپننگ بلے باز نے 155 گیندوں پر 8 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 193 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کی ٹیم 17 رنز سے میچ ہار گئی۔فخر زمان پاکستانی ٹیم کو فتح تو نہ دلا سکے لیکن ون ڈے کرکٹ کی 50 سالہ تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ فخر زمان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑے انگز کھیلنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے شین واٹسن کے پاس تھا جنہوں نے 2011 میں بنگلہ دیش کیخلاف میرپور میں 185 رنز کی اننگز کھیلی تھکی۔
سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے 2005 میں سری لنکا کے خلاف ناٹ آﺅٹ 183رنز بنائے جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 2012 میں پاکستان کے خلاف 183 رنز سکور کیے تھے۔ اس سے قبل پاکستان کے کسی بھی کھلاڑی نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 150رنز سے زائد کی اننگز نہیں کھیلی۔