ہیکرز نئے طریقے سے لوگوں کے موبائل فونز کو نشانہ بنانا شروع، واٹس ایپ صارفین کیلئے بڑی خبر
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ کے ذریعے ہیکرز نے ایک نئے طریقے سے لوگوں کے موبائل فونز کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق سائبر سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئے طریقے میں ہیکرز کا بھیجا گیا وائرس ایک ایسے ’فون نمبر‘ کا روپ دھارتا ہے جوصارف کے فون میں محفوظ کیا گیا ہوتا ہے۔ چنانچہ صارف آسانی سے دھوکا کھاجاتا ہے اور اس کی طرف سے موصول ہونے والے لنک کو کلک کر دیتا ہے جس کے بعد موبائل فون کا کنٹرول صارف کے ہاتھ سے نکل کر ہیکرز کے ہاتھ میں چلا جاتا ہے۔
سائبر سکیورٹی ماہر الیکسس کونرین نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئندہ کسی ایسے شخص کی طرف سے موصول ہونے والے پیغامات کو بھی دھیان سے کھولیں جو آپ کے قریبی لوگ ہوں اور ان کے نمبر آپ کے فون میں محفوظ ہوں۔ بالخصوص ایسے میسجز جن میں کوئی کوڈ یا لنک موجود ہو، اس کو کھولنے سے پہلے بھیجنے والے شخص کے ساتھ رابطہ کرکے تسلی کر لیں کہ یہ واقعی اس نے بھیجا ہے، یا ہیکرز آپ کے اس دوست کا روپ دھار کر آپ کو بے وقوف بنا رہے ہیں اور اس لنک پر کلک کروا کے یا بھیجے گئے کوڈ کو حاصل کرکے آپ کا فون ہیک کرنا چاہتے ہیں۔آپ کا کوئی دوست بھی آپ سے واٹس ایپ پر موصول ہونے والا 6ہندسوں کا کوڈ مانگے تو اسے ہرگز مت دیں۔“