سیاسی شخصیت کے بھتیجوں کو پولیس اہلکار پر تشدد مہنگا پڑ گیا، بڑا ایکشن لے لیا گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈیفنس بی پولیس نے پولیس اہلکار کو اہلیہ کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل دو نوجوانوں کی جانب سے پولیس اہلکار حیدر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا،واقعہ کے حوالے سے اہلکار کی ایک فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تشدد کا نشانہ بننے والے اہلکار کی اہلیہ کے بیان پر درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ مدعیہ کے مطابق ڈیفنس کے علاقہ میں ان کے شوہر نے گاڑی کو ہارن دیا تو دو نوجوان گاڑی سے نکلے اور انہوں نے میرے شوہر کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ملزما ن کا کہنا تھا کہ وہ منشا سندھو کے بھتیجے ہیں ہارن مارنے کی جرات کیسے کی؟