وزیراعظم کی سگریٹ صنعت میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت

     وزیراعظم کی سگریٹ صنعت میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،آئندہ دو ہفتوں میں ملک میں سگریٹ کے تمام کارخانوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جائے،شوگر ملوں پر اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نہ لگنے کیلئے ذمہ داران کا تعین کرکے انکوائری رپورٹ پیش کی جائے،ٹیکس چوری کرنے والے عناصر اور ان کے کارندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے،ملک و قوم کے پیسے کی چوری کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ منگل کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں سگریٹ سازی کی صنعت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ خان، مخدوم مرتضیٰ محمود، اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیر اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق پاشا اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو سگریٹ کے کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ بتایاگیا کہ ملک میں بیشتر سگریٹ فیکٹریوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ پر اس کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ بتایاگیاکہ آزار کشمیر میں موجود فیکٹریوں پر اس کی تنصیب کیلئے مزاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔اجلاس کو ایف بی آر کی طرف سے غیر قانونی سگریٹ کی فروخت اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایاگیاکہ ایف بی آر 7 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو اپنے ٹیکس نیٹ میں لے کر آیا ہے اور رواں سال اپنے اہداف کو پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔اجلاس کو شوگر ملز پر خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے بھی پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے تمام شوگر ملز میں اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ معیشت  کے تمام بڑے  سیکٹرز میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کیلئے بین الاقوامی شہرت یاقتہ اداروں کی خدمات لی جائیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ آئندہ دو ہفتوں میں ملک میں سگریٹ کے تمام کارخانوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹ کی فروخت کی روک تھام میں ایف بی آر کو ہر قسم کا تعاون فراہم کریں۔ شہبازشریف نے کہاکہ ملک کے تمام بڑے شعبوں میں خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکس محصولات بڑھانے کیلئے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کی جائے،بارڈر کراسنگ پر اچھے شہرت کے افسران کی ٹینور پوسٹنگ کی جائے۔ وزیر اعظم نے استفسار کیاکہ تمام شوگر ملوں پر خود کار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیونکر نہ لگایا جا سکا؟۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ شوگر ملوں پر اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نہ لگنے کیلئے ذمہ داران کا تعین کرکے انکوائری رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ٹیکس چوری کرنے والے عناصر اور ان کے کارندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ شہبازشریف نے کہاکہ ملک و قوم کے پیسے کی چوری کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی،ٹیکس اکٹھا کرنے کے حوالے سے قانونی و عدالتی کاروائی کو مزید تیز کیا جائے۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -