گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر باروزگار بنایا جائیگا :ذوالفقاراحمدچیمہ
لاہور(پ ر)نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے شمالی علاقہ جات کے دورے کے دوران گلگت اور ہنزہ میں فنی تربیتی اداروں کا دورہ کیا اور طلباو طالبات کو تربیت میں پوری دلچسپی لینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت گلگت بلتستان کے سات سو لڑکے اور لڑکیا ں نیوٹیک کے تربیتی کورسوں میں شریک ہیں۔ جلد ہی ان کی تعداد بارہ سو تک پہنچ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ٹورازم اور ہوٹلنگ سے متعلقہ شعبوں میں زیادہ ٹریننگ دی جائے گی اور سینکڑوں کی تعداد میں ٹورسٹ گائیڈ اور ہوٹل ورکرتیار کئے جائیں گے کیونکہ ان شعبوں میں بہت زیادہ مانگ اورطلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیم اینڈ جیولری اور فروٹ پروسیسنگ کے شعبوں میں بھی زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ٹریننگ دی جائے گی ۔ انہوں نے کراکرم پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ ، جیمز اینڈ جیولری انسٹیٹیوٹ ، ہاشو فاؤنڈیشن گلگت ،پروفیشنل ڈویلپمنٹ سینٹر ہنزہ ، کاڈیو سینٹر ، شرماری ہیبلیٹیشن سینٹر ، آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول برائے طالبات ہنزہ، سیقم ووڈ ورکس سینٹر ہنزہ کا دورہ کیا اور زیر تربیت نوجوانوں اور انسٹرکٹر ز سے ملاقات کی ۔ ذوالفقار چیمہ نے گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری طاہر حسین اور ناردرن ایریا فورس کے کمانڈر میجر جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی اور ناردرن ایریا میں اعلیٰ معیار کے ٹیکنیکل ادارے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جو نوجوان تربیت مکمل کریں گے انہیں حکومت بلاسود قرضے بھی دیگی تاکہ وہ اپنا کاروبارشروع کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ہنر مند بناکر باروزگار بنایا جائے گا۔