حفیظ سنٹر کے تاجروں پر مشتمل وفد کی لاہور چیمبر آمد ،نائب صدر ناصر سعید سے ملاقات

حفیظ سنٹر کے تاجروں پر مشتمل وفد کی لاہور چیمبر آمد ،نائب صدر ناصر سعید سے ...

  



لاہور (کامرس رپورٹر)حفیظ سنٹر کے تاجروں پر مشتمل وفد نے لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر زور دیا ہے کہ لاہور چیمبر کمپیوٹر کے سپیئر پارٹس پر سیلز ٹیکس ختم کروانے میں کردار ادا کرے۔ شیخ محمد فیاض، آصف شہزاد، فیاض بٹ ، عارف نسیم و دیگر تاجروں پر مشتمل وفد نے کہا کہ حکومت نے کمپیوٹر کی امپورٹ پر سیلز ٹیکس ختم کردیا ہے جبکہ کمپیوٹر کے سپیئر پارٹس پر بدستور سیلز ٹیکس عائد ہے جس کی وجہ سے سپیئر پارٹس مہنگے اور عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔ وفد نے کہا کہ کمپیوٹر و سپیئر پارٹس کے تجارت سے وابستہ تاجر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرہے ہیں لیکن کمپیوٹر کے سپیئر پارٹس پر سیلز ٹیکس کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

وفد کے اراکین نے کہا کہ کمپیوٹر کی امپورٹ پر سیلز ٹیکس ختم کرنا اور سپیئر پارٹس پر سیلز ٹیکس عائد کرنا غیر منطقی اور ناقابل فہم فیصلہ ہے لہذا یہ سیلز ٹیکس فوراً واپس لیا جائے۔ ناصر سعید نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ لاہور چیمبر کمپیوٹر سپیئر پارٹس پر ڈیوٹی کا معاملہ حکام بالا کے سامنے اٹھائے اور اس مسئلے کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر حکومت اور تاجروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہیگا۔

مزید : کامرس


loading...