نجی شعبہ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے غیر ملکی تاجروں سے نزدیکی روابط قائم کرے

نجی شعبہ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے غیر ملکی تاجروں سے نزدیکی روابط قائم کرے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے نجی شعبے پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے وسطیٰ ایشیائی ریاستوں، افریقہ اور جنوبی امریکہ کے تاجروں سے نزدیکی روابط قائم کرے جبکہ حکومت کو چاہیے کہ ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کے ریفنڈ کلیمز میں تاخیر، توانائی کی قلت اور زیادہ پیداواری لاگت سمیت دیگر مسائل حل کرکے ان کی مدد کرے، اس وقت برآمدات غیرتسلی بخش ہیں جن میں اضافہ اجتماعی کوششوں سے ہی ہوسکتا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت جب خطے کے دیگر ممالک ترقی و خوشحالی کی طرف تیزی سے قدم بڑھا اور عالمی معاشی معاملات میں اپنا کردار بڑھارہے ہیں، پاکستان کی برآمدات میں کمی تشویشناک ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ برآمدات کے سلسلے میں چند ممالک پر انحصار ہمیں بہت مہنگا پڑ رہا ہے، پاکستان کے بڑے تجارتی حصے داروں میں امریکہ، چین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب شامل ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تجارت و سرمایہ کاری کے حوالے سے برازیل، پیرو، وینزویلا اور چلی پاکستان کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں لیکن ان کی جانب کبھی خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جنوبی امریکی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ کاروبار کی شدید خواہش رکھتے ہیں لہذا اس نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اگرچہ جنوبی امریکہ کے ساتھ پہلے ہی تجارت کے سلسلے میں پیش رفت ہورہی ہے لیکن حکومت اور نجی شعبہ اس خطے کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے تجارتی و معاشی تعلقات مستحکم کرنے کے لیے تیزرفتار اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ڈپلومیٹس اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان کاروباری مذاکرات ہونے چاہئیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کو روایتی ٹریڈ پارٹنرز سے ہٹ کر دیگر ممالک کی جانب دیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات کو فروغ دے سکے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کے مسائل جلد حل کرے تاکہ یہ برآمدات کے فروغ میں کردار ادا کرسکیں۔

مزید :

کامرس -